04:35 , 24 جون 2026
Watch Live

ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ

مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ دورے کے دوران انہوں نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں الوداعی تقریب کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام نے ایرانی صدر کو رخصت کیا۔ اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان کو ان کے دورے کی یادگار تصاویر پر مشتمل خصوصی البم بھی پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر منگل کے روز اسلام آباد پہنچے تھے جہاں نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس میں انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

مزید پڑھیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر سے تعارف کرایا جبکہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے وفد کے اراکین سے پاکستانی قیادت کو متعارف کرایا۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا۔

صدر مسعود پزشکیان نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ حکام کے مطابق مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا تھا، جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ثالثی کردار پر خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION